پشاور(کاشف عارف سے)پاکستان تحریک انصاف کا آج پشاور میں پاور شو ہوگا، جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں، سٹیج سجا دیا گیا۔ رنگ روڈ پر جلسے کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ جلسہ گاہ میں سٹیج اور کرسیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک بھر سے کارکنان کی آمد متوقع ہے۔
تحریک انصاف کا آج پشاور میں پاور شو کا فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ آپس کے تمام اختلافات ختم اور اس سلسلے میں تمام تر چلنے والی اختلافات کی افواہیں دم توڑ گئیں، اس جلسہ میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک بھر سے کارکن شرکت کرینگے ۔
جلسہ سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و مایہ ناز وقانون دان سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، جنید اکبر سمیت دیگر قائدین بھی جلسہ سے خطاب کریں گے۔
اس کے علاوہ بانی چیئرمین کی بہنیں علیمہ خان، عظمی خان اور نورین نیازی بھی جلسہ میں شرکت کریں گی۔ انتظامیہ کے مطابق جلسے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کی وجہ سے جلسے کی تیاریوں میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مشکل درپیش نہیں، تمام امور تیزی اور مستعدی سے انجام دیئے جا رہے ہیں.
