پشتو موسیقی کے اُبھرتے ہوئے مگر پُختہ فنکار ارشاد خان نے ایک بار پھر اپنی سریلی آواز اور منفرد انداز سے شائقین موسیقی کو محظوظ کرتے ہوئے اپنا نیا گانا ’خال‘ ریلیز کر دیا ہے، جو ریلیز ہوتے ہی یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔
ارشاد خان کا شمار اُن گلوکاروں میں ہوتا ہے جو پشتو موسیقی کو جدت کے ساتھ روایتی رنگ میں پیش کرنے کا ہنر رکھتے ہیں۔ ان کی آواز میں وہ کشش ہے جو دل کو چھو لیتی ہے اور سننے والے کو پشتون ثقافت اور احساسات کی گہرائیوں میں لے جاتی ہے۔

گانے ’خال‘ کے پراثر بول معروف شاعر زیت الرحمٰن عاجز نے تحریر کیے ہیں جبکہ اس کی دل کو موہ لینے والی کمپوزیشن ڈاکٹر کرن خان نے ترتیب دی ہے۔ گانے کی موسیقی کے کے اسٹوڈیو میں تیار کی گئی ہے جو اس کی خوبصورتی کو مزید دوبالا کرتی ہے۔
اس گانے کی ویڈیو انگلینڈ کے دلکش مقامات پر فلمائی گئی ہے، جہاں بہترین کیمرہ ورک ڈی او پی یوسف نے کیا جبکہ نفیس اور پروفیشنل ایڈیٹنگ جہانگیر خان نے انجام دی ہے۔
’خال‘ نہ صرف ارشاد خان کی فنی صلاحیتوں کا عکاس ہے بلکہ پشتو موسیقی کے فروغ کی جانب ایک خوبصورت قدم بھی ہے۔ شائقین اور موسیقی کے ناقدین کی جانب سے اس گانے کو بے حد سراہا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ یہ گانا ارشاد خان کے کامیاب گانوں میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔
