پشاور (کاشف عارف)الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام “بنو قابل پروگرام 2025” کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ صدر الخدمت خالد وقاص نے پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے میں رجسٹریشن کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے اور 15 اکتوبر سے کلاسیز شروع ہوں گی۔ اس بار داخلے کے لیے کسی قسم کے ٹیسٹ کی شرط نہیں رکھی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت کیمپسز کی تعداد 20 سے بڑھا کر 50 کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت فراہم کی جا سکے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں اب تک 18 ہزار مرد اور 3 ہزار خواتین کو آئی ٹی اور ڈیجیٹل اسکلز کی ٹریننگ دی جا چکی ہے جبکہ ہدف ہے کہ سال 2027 تک 10 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جائے۔
خالد وقاص نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی انقلاب کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اس میدان کے مطابق تیار کریں۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ صحافیوں اور ان کے بچوں کو پریس کلب میں مفت ڈیجیٹل ٹریننگ فراہم کی جائے گی جبکہ خواجہ سرا برادری کو کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور جیل میں ماڈل کلاس رومز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں قیدیوں کو بھی آئی ٹی کورسز پڑھائے جائیں گے۔ ان کورسز میں مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ اور دیگر جدید مضامین شامل ہوں گے۔
صدر الخدمت نے انکشاف کیا کہ پہلے مرحلے میں کورسز مکمل کرنے والے 75 فیصد افراد نے اپنی آمدنی شروع کر دی ہے جو پروگرام کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کورسز میں اپلائی کرنے کے لیے کم از کم پانچویں جماعت پاس سے لے کر پی ایچ ڈی ہولڈر تک کے امیدوار اہل ہیں۔