• Home  
  • خیبرپختونخوا اسمبلی میں 37 سال بعد رولز آف بزنس میں تاریخی ترامیم
- KP

خیبرپختونخوا اسمبلی میں 37 سال بعد رولز آف بزنس میں تاریخی ترامیم

پشاور (کاشف عارف) خیبرپختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل اس وقت عبور کیا گیا جب 37 برس بعد اسمبلی کے رولز آف بزنس میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کی۔ […]

Untitled design 12

پشاور (کاشف عارف) خیبرپختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل اس وقت عبور کیا گیا جب 37 برس بعد اسمبلی کے رولز آف بزنس میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کی۔ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ، ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی، سابق اسپیکرز اسد قیصر، مشتاق غنی، کرامت اللّٰہ چغرمٹی اور بخت جہان خان سمیت سابق گورنر شاہ فرمان، سابق ڈپٹی اسپیکرز، موجودہ و سابق اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ شرکاء میں نئے قواعد و ضوابط کی کاپیاں تقسیم کی گئیں جبکہ تاریخی ترامیم میں کردار ادا کرنے والے اراکین اسمبلی نے باضابطہ طور پر رجسٹر پر دستخط بھی کیے۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ترامیم پارلیمانی تاریخ میں ایک یادگار سنگ میل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اسپیکر کے منصب کے ساتھ انصاف کروں اور اپنے لیڈر عمران خان کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنا سکوں۔ میں نے کبھی دانستہ طور پر اپنے عہدے کے ساتھ کوتاہی، بے ایمانی یا منافقت نہیں کی۔” انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا حقیقی حسن اپوزیشن سے ہوتا ہے کیونکہ حکومت اپنے خلاف نہیں بولتی۔

بابر سلیم سواتی نے بتایا کہ 1973ء کے آئین کے بعد 1974ء میں گورنر نوٹیفکیشن کے ذریعے اسمبلی رولز بنائے گئے تھے جو اب تک لاگو تھے، مگر 51 برس بعد ان میں نئی ترامیم متعارف کرائی گئی ہیں۔ ان ترامیم کی تیاری میں 43 اراکین اسمبلی، اسمبلی اسٹاف، لاء اور فنانس ڈپارٹمنٹ، اے جی آفس اور دیگر اداروں نے نو ماہ تک محنت کی جبکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ان کی ٹیم نے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار عوام اور طلبہ کو ایوان کی کارروائی براہِ راست دیکھنے کی سہولت دی گئی ہے۔ کسی بھی شہری کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ کسی قانون پر اعتراض یا تجویز پیش کر سکے جسے متعلقہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اب اسمبلی میں اردو، انگریزی اور پشتو کے ساتھ ہندکو اور سرائیکی زبان میں بھی تقاریر ممکن ہوں گی۔

اسپیکر نے کہا کہ یہ پہلی اسمبلی ہے جس میں ڈاکٹروں، انجینئرز اور پی ایچ ڈی اراکین کی شمولیت ہوئی ہے، اسی لئے اسمبلی کو تعلیمی اداروں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو پارلیمانی نظام سے روشناس کرایا جا سکے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ اور کابینہ ارکان کی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ “انگریزوں نے برصغیر میں ادارے مضبوط لیکن پارلیمان کو کمزور بنایا، آج ہم عوامی امنگوں کے مطابق قوانین بنانے کی سمت بڑھ رہے ہیں۔”

ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ یہ ترامیم اسمبلی اور قائمہ کمیٹی کی تاریخی کامیابی ہیں۔ ان کے مطابق رولز کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھال کر قانون سازی کے عمل کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے قوانین کو آسان کیا گیا ہے، ڈیجیٹل ریکارڈ اور لائیو کوریج متعارف کرائی گئی ہے جبکہ سوالات، تحاریک، بلز اور قراردادوں کے لیے واضح مدت مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے نظم و ضبط، وزیراعلیٰ، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی لیڈرز کے انتخاب، قائمہ کمیٹیوں کے قیام اور وومن کاکس کے طریقہ کار سے متعلق بھی ترامیم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ترامیم میں نئے چیپٹرز شامل کرکے پارلیمانی عمل کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنایا گیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ جب تک پارلیمان مضبوط نہیں ہوگا، جمہوری نظام دباؤ میں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترامیم عوامی نمائندوں کو زیادہ فعال اور جوابدہ بنانے کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔

تقریب کے اختتام پر اراکین اسمبلی اور شرکاء نے ان ترامیم کو پارلیمانی تاریخ کا ایک اہم موڑ قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ تبدیلیاں عوامی مفاد اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گی۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your trusted source for the latest news and information from across Pakistan, covering all major categories including politics, business, sports, and current affairs.

Email Us: info@khyberpoint.com

Contact: +92 336 9101079

Copyright © 2025 Khyber Point, All rights reserved.