پشاور(خیبرپوائنٹ )صوبائی دارالحکومت پشاور میں 30 اگست کو 19 سال بعد کرکٹ کا ایک بڑا میچ کھیلا جارہا ہے جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی، جن میں شاہد آفریدی اور یونس خان بھی شامل ہیں، حصہ لیں گے۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے نشتر ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد میچ ہوگا جس میں عوام نہ صرف کھیل سے محظوظ ہوں گے بلکہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں اور کھیلوں سے اپنی محبت کا ثبوت دیں۔
کمشنر نے بتایا کہ پشاور ڈویژن کی ضلعی انتظامیہ ٹکٹوں کی فروخت اور فنڈز جمع کرنے کے لیے متحرک ہے جبکہ تاجر برادری اور صنعت کاروں کو بھی اس مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے پشاور شہر میں 20 مقامات پر ٹکٹ اسٹال قائم کیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ٹکٹ خرید سکیں۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس ڈاکٹر تاشفین حیدر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بابر تنولی اور دیگر افسران کے علاوہ تاجر و صنعت کار برادری نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تاجروں اور صنعت کاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ٹکٹوں کی فروخت اور فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے تاکہ سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی جاسکے۔