پشاور (کاشف عارف ) پشاور میں خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا جس میں رنگا رنگ تقریبات اور مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔ یہ ایونٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا، جہاں 100 سے زائد خواجہ سرا اور پست قامت افراد نے شرکت کی۔
ٹرانس جینڈر اسپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ، فٹسال، میوزیکل چیئر، بوری ریس، رسہ کشی اور آرچری سمیت مختلف مقابلے شامل تھے۔ مجموعی کارکردگی میں فرزانہ گروپ نے پہلی جبکہ آرزو گروپ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ فٹسال کے فائنل میں آرزو ٹیم کامیاب رہی اور فرزانہ ٹیم رنر اپ قرار پائی۔
دیگر مقابلوں میں بوری ریس میں عجوا نے پہلی، زونی نے دوسری اور نایاب گل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کون ریس میں شائی کو کو پہلے، مسکان دوسرے اور نعمان تیسرے نمبر پر رہے۔ میوزیکل چیئر کا مقابلہ شائستہ گل نے جیتا جبکہ آرچری میں مایہ پہلے اور کاشی دوسرے نمبر پر رہیں۔ رسہ کشی میں زرداد بلبل نے کامیابی حاصل کی۔

پچاس میٹر ریس میں معنی نے گولڈ، ملائیکہ نے سلور اور عجوا نے برانز میڈل حاصل کیا جبکہ پست قامت افراد کی دوڑ میں لقمان نے گولڈ، عثمان نے سلور اور نور نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس محمد آصف خان تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں کا مقصد خواجہ سرا کمیونٹی کو کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور انہیں معاشرے کا باوقار حصہ تسلیم کرنا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹرانس جینڈر اسپورٹس گالا آئندہ بھی باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں اور عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم بھی بڑے ایونٹس کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔
یہ اسپورٹس گالا نہ صرف تفریح بلکہ سماجی ہم آہنگی اور برابری کے فروغ کی ایک مثبت کوشش ثابت ہوا۔
