• Home  
  • وادی تیراہ: ممکنہ آپریشن کے تناظر میں متاثرین کی رجسٹریشن جاری
- KP

وادی تیراہ: ممکنہ آپریشن کے تناظر میں متاثرین کی رجسٹریشن جاری

وادی تیراہ میں ممکنہ سیکیورٹی آپریشن کے تناظر میں متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے تیراہ میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال خراب ہونے کے باعث مقامی آبادی کی نکل مکانی غیر رسمی طور پر جاری تھی، تاہم بعد ازاں 24 رکنی جرگہ کمیٹی اور حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد […]

وادی تیراہ میں ممکنہ سیکیورٹی آپریشن کے تناظر میں متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے تیراہ میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال خراب ہونے کے باعث مقامی آبادی کی نکل مکانی غیر رسمی طور پر جاری تھی، تاہم بعد ازاں 24 رکنی جرگہ کمیٹی اور حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد باقاعدہ طور پر نکل مکانی کا اعلان کیا گیا۔
جرگہ مشران کے مطابق مساجد میں اعلانات کے بعد 10 جنوری سے 25 جنوری تک مکمل نکل مکانی کے لیے وقت دیا گیا تھا، لیکن 25 جنوری کے بعد شدید برفباری کے باعث یہ عمل 5 فروری تک مؤخر ہو گیا۔
ابتدائی طور پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دوا توئی کے مقام پر ٹوکن جاری کیے گئے اور پیندی چینہ میں رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا، تاہم متاثرین کی بڑی تعداد کے باعث شدید رش دیکھنے میں آیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورۂ تیراہ کے دوران پیندی چینہ میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہر قبیلے کے لیے الگ الگ رجسٹریشن پوائنٹس قائم کرنے کا اعلان کیا گیا

WhatsApp Image 2026 02 07 at 2.44.56 PM

۔
اس فیصلے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مجموعی طور پر چھ رجسٹریشن پوائنٹس قائم کیے، جہاں اب تک متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
تاہم رجسٹریشن کے دوران متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کبھی پولیو ڈیٹا کی عدم موجودگی اور کبھی مستقل پتہ (ایڈریس) کے مسائل اندراج میں رکاوٹ بنتے رہے۔ بعد ازاں 24 رکنی تیراہ کمیٹی اور مشران کی تصدیق کے بعد ایسے خاندانوں کی رجسٹریشن ممکن بنائی گئی۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد متاثرین کو ٹرانسپورٹ کی مد میں امداد فراہم کی جا رہی ہے، جس کے لیے باڑہ میں الحاج محمد شاہ حجرہ پر ایک الگ پوائنٹ قائم کیا گیا ہے۔ اس پوائنٹ پر صرف رجسٹرڈ متاثرین کو ٹوکن کے ذریعے ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، جن میں
فور وہیل گاڑی کے لیے 22 ہزار روپے،
چھ وہیل کے لیے 45 ہزار روپے،
اور دس وہیلر کے لیے 85 ہزار روپے
تصدیق کے بعد دیے جا رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق خوراک اور کرایے کی مد میں 31 جنوری تک مجموعی طور پر 92 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب تک 25 ہزار سے زائد خاندانوں نے رجسٹریشن کروائی ہے، تاہم پولیو ڈیٹا اور مشران کی تصدیق کے بعد صرف 3,500 خاندانوں کی رجسٹریشن کو درست قرار دیا گیا ہے۔ ان خاندانوں کو معاہدے کے مطابق 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی خاندان سم کے ذریعے منتقل کیے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق رجسٹریشن کا عمل تاحال جاری ہے اور مزید متاثرین کے اندراج کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیو ڈیٹا کے مطابق تیراہ کے 19 ہزار خاندان رجسٹرڈ ہیں، تاہم دوہرے پتوں (ڈبل ایڈریس) کے باعث متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your trusted source for the latest news and information from across Pakistan, covering all major categories including politics, business, sports, and current affairs.

Email Us: info@khyberpoint.com

Contact: +92 336 9101079

Copyright © 2025 Khyber Point, All rights reserved.