
ڈی آئی خان ( خیبر پوانٹ) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا، تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں دو خوارج ہلاک ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے رات گئے پولیس چیک پوسٹ کھتی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کا ایک جوان معمولی زخمی ہوا، جبکہ دو خوارج مارے گئے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او دیگر پولیس افسران اور نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور جوانوں کی جرأت و بہادری کو سراہا۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس کا مورال بلند ہے اور کسی بھی دہشت گرد کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب بنوں سینٹرل جیل کے چیکنگ پوائنٹ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
