
پشاور ( ویب ڈیسک)پشاور میں فرانزک سائنس لیبارٹری اور تھانہ مچنی گیٹ کے افسران کو جعلی اور من پسند رپورٹس جاری کرنے پر انکوائری کے بعد قصور وار قرار دیتے ہوئے چارج شیٹ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، فرانزک سائنس لیبارٹری پشاور کے انسپکٹر عمارت علی شاہ، سب انسپکٹر عبد الواحد، اسسٹنٹ سب انسپکٹر صفدر علی شاہ اور تھانہ مچنی گیٹ کے انویسٹی گیشن افسر طاہر خان کے خلاف شکایات موصول ہو رہی تھیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے ان شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو انکوائری کی ہدایت دی۔ انکوائری رپورٹ میں تمام مذکورہ افسران کو الزامات میں قصور وار پایا گیا۔
حکام نے ان افسران کو چارج شیٹ کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ مزید حقائق جاننے کے لیے ڈیپارٹمنٹل انکوائری کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔