کاشف عارف
پشاور میں کے کے پروڈکشن کی جانب سے گزشتہ شب پشاور میں ایک شاندار موسیقی کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں خیبرپختونخوا کے معروف گلوکاروں اور گلوکاراؤں نے اپنی جادوئی آواز سے شائقین کے دل جیت لیے۔ اس تقریب میں معروف گلوکار ڈاکٹر کرن خان، لیلی خان، ستارہ یونس ، افسر افغان، عبید خان، ثنا گل اور دیگر فنکار شامل تھے۔

کنسرٹ میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے موسیقی کے شائقین نے شرکت کی اور کے کے پروڈکشن کے اس اقدام کو بھرپور سراہا۔ معروف گلوکار ڈاکٹر کرن خان نے خیبر پوائنٹ کو بتایا کہ پختون زندگی اور معیاری موسیقی سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، اور اس بات کی تصدیق اس پروگرام میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت سے ہوئی۔
ڈاکٹر کرن خان نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔ “اگر ایسے تفریحی پروگرام نہ ہوں تو نوجوان منفی سرگرمیوں، جیسے نشے کی لت ، جوا کھیلنے اور بندوق کلچر کی طرف مائل ہو سکتے ہیں۔”
نوجوان گلوکار شوکت سواتی اور عبید خان نے بھی اس اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوانوں کو اپنے فنکاروں کے ساتھ محبت اور تعاون کرنا چاہیے۔ اپر دیر اور جنوبی وزیرستان سے آئے شائقین نے بھی کنسرٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں امن اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں اور پختونوں کا ایک پرامن اور روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔
مراد علی وزیر (جو کہ خصوصی طور پر جنوبی وزیرستان سے اس پروگرام میں شرکت کیلئے آئے تھے) نے بتایا کہ اس طرح کے موسیقی تقریبات نوجوانوں اور بوڑھوں کے ذہنی دباؤ اور بیماریوں میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، اور اس دور میں ایسے پروگرام کسی نعمت سے کم نہیں۔

